نیویارک(NayaNews100) امریکہ میں ایک خاتون کو مگرمچھ سے پیار کرنا مہنگا پڑ گیا، جان سے ہی ہاتھ دھو بیٹھی۔ میل آن لائن کے مطابق یہ افسوسناک واقعہ امریکی ساﺅتھ کیرولائنا کی چارلیسٹن کاﺅنٹی کے ایک چڑیا گھر میں پیش آیا جہاں 58سالہ سنتھیا کوورٹ نامی خاتون مگر مچھ کے انتہائی قریب چلی گئی۔ وہ مگر مچھ پر ہاتھ پھیرنا چاہتی تھی۔ اس کے ساتھ موجود لوگوں نے اسے اس حرکت سے منع کیا اور بتایا کہ اس مگرمچھ نے گزشتہ ہفتے ایک ہرن کو مار ڈالا تھا۔ اس پر سنتھیا نے کہا کہ ”تمہیں میں ہرن جیسی نظر آتی ہوںیہ کہہ کر سنتھیا مگرمچھ کے انتہائی قریب پہنچ گئی اور مگرمچھ نے جھپٹ کر اسے اپنے جبڑوں میں دبوچ لیا اور کھینچ کر تالاب میں لے گیا۔ تالاب میں کچھ دور جا کر ایک بار مگرمچھ نے سنتھیا کو چھوڑ دیا اور وہ کھڑی ہو گئی۔ وہاں پانی اس کی کمر تک آ رہا تھا۔ وہاں سے اس نے اپنے ساتھیوں کو دیکھا اور کہا کہ ”میں آئندہ ایسا نہیں کروں گی۔“ یہ فقرہ اس کی زندگی کا آخری فقرہ ثابت ہوا، ابھی اس نے یہ بولا ہی تھا کہ مگرمچھ نے اسے دوبارہ دبوچ لیا اور گہرے پانی میں لے گیا۔
رپورٹ کے مطابق باہر موجود لوگوں نے پولیس اور ریسکیو ورکرز کو اطلاع دی جنہوں نے آ کر مگرمچھ کو گولی مار کر ہلاک کر دیا اور ڈنڈوں کی مدد سے سنتھیا کی لاش باہر نکالی۔ پوسٹ مارٹم رپورٹ میں بتایا گیا کہ سنتھیا کی موت پانی میں ڈوبنے کی وجہ سے ہوئی۔چارلیسٹن کاﺅنٹی پولیس نے یہ واقعہ اپنے آفیشل ٹوئٹر اکاﺅنٹ پر بیان کیا ہے اور لوگوں کو مگرمچھوں کے اس تالاب سے دور رہنے کی ہدایت کی ہے۔
0 Comments
Post a Comment